منگلورو 27/ ستمبر (ایس او نیوز) محکمہ ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روک لگانے کے لئے ایک ہفتہ واری مہم شروع کی ہے ۔
پولیس کمشنر این ششی کمار نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے ہونے والے عوام کے جانی و مالی نقصانات پر قابو پانے اور ان کی حفاظت کو یقیینی بنانے کے مقصد سے 27/ ستمبر سے 2/ اکتوبر تک گاڑیوں کی چیکنک کی جائے گی ۔ مہم کے پہلے دن گاڑیوں کے شیشوں پر گہرے رنگ کی فلم لگانے والوں کی خلاف کارروائی کی گئی ۔ 28 ستمبر کو رجسٹریشن نمبر پلیٹ کو غیر مناسب انداز میں لگائے جانے پر کارروائی ہوگی ۔ 29 ستمبر کو ہیلمیٹ نہ پہننے والوں اور 30 ستمبر کو گاڑیوں کے انشورنس نہ بھرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ یکم اکتوبر کو موٹر گاڑیوں سے متعلق پرانے کیس اور 2 اکتوبر کو پولیوشن ٹیسٹ کے تعلق سے جانچ پڑتال کی جائے گی ۔